کوئٹہ دھماکہ،13 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سریاب روڈ پر شاہوانی اسٹیڈیم کے قریب دھماکے کے نتیجے میں اب تک13 افراد جاں بحق اور 29 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق دھماکہ جلسے کے اختتام کے بعد پارکنگ میں ہوا، جہاں سردار عطا اللہ مینگل کی چوتھی برسی کے سلسلے میں بلوچستان نیشنل پارٹی کا جلسہ منعقد تھا۔ دھماکے کے وقت سابق ایم پی اے احمد نواز اور مرکزی رہنما موسی بلوچ بھی زخمی ہوئے ہیں۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے نائب صدر ساجد ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں پارٹی کے 13 کارکن شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں پہلے سے ایسے ناخوشگوار واقعے کا خدشہ تھا اور جلسے اور سیکیورٹی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ سے پہلے رابطہ کیا گیا تھا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت دشمنوں کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ واقعہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کے لیے کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔ وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور سیکریٹری صحت مجیب الرحمان پانیزئی زخمیوں کی عیادت کے لیے سول اسپتال پہنچ گئے جہاں زخمیوں کو فوری اور معیاری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ذمہ داروں کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

Scroll to Top