شارجہ: سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے مقابلے میں افغانستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کو 18 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان کو 170 رنز کا ہدف ملا، لیکن قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 151 رنز ہی بنا سکی۔
افغانستان کی جانب سے نور احمد، محمد نبی اور راشد خان نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔ پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر دباؤ کا شکار نظر آئی، اور کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔ حارث رؤف 34 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ فخر زمان نے 25، کپتان سلمان علی آغا نے 20 اور صاحبزادہ فرحان نے 18 رنز جوڑے۔
قبل ازیں افغان ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پانچ وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔ اوپنر ابراہیم زدران نے 65 اور صدیق اللہ اتل نے 64 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی بنیاد مضبوط کی۔ پاکستانی بولر فہیم اشرف نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے کیریئر کی یادگار بولنگ کی اور چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ صائم ایوب کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
راشد خان کی قیادت میں افغان ٹیم نے نہ صرف مضبوط بیٹنگ کا مظاہرہ کیا بلکہ فیلڈنگ اور بولنگ کے شعبے میں بھی پاکستان کو دباؤ میں رکھا۔ اس جیت کے ساتھ افغانستان نے سیریز میں اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے، جبکہ پاکستانی ٹیم کو اپنی کارکردگی پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔