سہ ملکی ٹی 20 سیریز میں سنسنی خیز صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ افغانستان نے پاکستان کو شکست دیکرنہ صرف پوائنٹس ٹیبل پر واپسی کی بلکہ پاکستان کے برابر چار پوائنٹس حاصل کر کے فائنل کی دوڑ کو دلچسپ بنا دیا ہے۔ اب سب کی نظریں جمعرات کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے اہم میچ پر مرکوز ہیں، جہاں فیصلہ ہوگا کہ فائنل میں کون سی دو ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی۔
چوتھے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 169 رنز بنائے اور پاکستان کو 170 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں پاکستانی بلے باز دباؤ میں دکھائی دیے اور کوئی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ صرف حارث رؤف نے آخر میں 16 گیندوں پر 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر میچ کو دلچسپ بنانے کی کوشش کی، مگر وہ بھی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔
پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 151 رنز تک محدود رہی اور افغانستان نے یہ میچ 18 رنز سے جیت لیا۔ یہ افغانستان کی مسلسل دوسری فتح تھی جس کے بعد اس کے پوائنٹس چار ہو گئے۔
اب اگر یو اے ای پاکستان کو شکست دیتا ہے تو اس کے پوائنٹس دو ہو جائیں گے، اور اگلے میچ میں اگر وہ افغانستان کو بھی ہرا دیتا ہے تو تینوں ٹیمیں چار چار پوائنٹس پر آ جائیں گی۔ ایسی صورت میں رن ریٹ فائنل میں جانے والی ٹیموں کا فیصلہ کرے گا۔
گو کہ متحدہ عرب امارات کی بڑی ٹیموں کے خلاف کامیابی ممکنات میں کم دکھائی دیتی ہے، لیکن کرکٹ میں کچھ بھی یقینی نہیں۔ ایک اپ سیٹ کسی بھی ٹیم کی فائنل میں رسائی کا راستہ بند یا کھول سکتا ہے۔
فائنل کا قوی امکان پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہے، لیکن کل (جمعرات) کو ہونے والا پاکستان بمقابلہ یو اے ای میچ فیصلہ کن ثابت ہوگا۔ اس میچ کے بعد واضح ہو جائے گا کہ فائنل کی دو ٹیمیں کون سی ہوں گی۔