افغان بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں،زلزلہ متاثرین کیلئے خیبر پختونخوا کے اسپتالوں کے دروازے کھلے ہیں، علی امین

افغان بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں،زلزلہ متاثرین کیلئے خیبر پختونخوا کے اسپتالوں کے دروازے کھلے ہیں، علی امین

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ افغانستان میں حالیہ زلزلے سے متاثرہ مریضوں کو خیبر پختونخوا میں علاج فراہم کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت افغان بھائیوں کی ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہے اور اس مقصد کیلئے عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ’’مشکل کی اس گھڑی میں ہم افغان عوام کیساتھ کھڑے ہیں، اور ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے خیبر پختونخوا کے وسائل حاضر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ زلزلہ متاثرین کے لیے ادویات اور دیگر امدادی سامان افغانستان بھیج دیا گیا ہے، جبکہ ان مریضوں کو جو فوری علاج کے محتاج ہیں، خیبر پختونخوا کے اسپتالوں میں مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ اگر افغان حکومت کو میڈیکل ٹیموں کی ضرورت ہوئی تو خیبر پختونخوا حکومت فوری طور پر ماہر ڈاکٹروں اور طبی عملے پر مشتمل ٹیمیں بھی افغانستان روانہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت افغان حکام سے مسلسل رابطے میں ہے اور ہر قسم کی مدد کے لیے تیار ہے۔

چند روز قبل افغانستان میں آنے والے شدید زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ ریکٹر اسکیل پر 6 شدت کے اس زلزلے کے نتیجے میں 1000 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ سینکڑوں مکانات منہدم ہو چکے ہیں۔ زلزلہ متاثرین کو فوری طبی امداد، شیلٹر اور دیگر بنیادی ضروریات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا یہ بیان پاکستان کی طرف سے افغان عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا مظہر ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت کا یہ اقدام نہ صرف دو ہمسایہ اقوام کے درمیان برادرانہ رشتے کو مضبوط کرے گا بلکہ انسانی ہمدردی کی ایک اعلیٰ مثال بھی قائم کرے گا۔

Scroll to Top