چینی حکومت نے دنیا کے 48 ممالک کے شہریوں کو بغیر ویزا کے چین میں داخلے کی سہولت دینے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جو ستمبر 2025 سے مؤثر ہوگا۔ اس فیصلے کا مقصد عالمی سیاحت، غیر ملکی سرمایہ کاری اور بین الاقوامی روابط کو فروغ دینا بتایا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اس فہرست میں پاکستان کا نام شامل نہیں ہے۔
چین کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں زیادہ تر یورپی ممالک شامل ہیں، جن میں فرانس، جرمنی، اٹلی، اسپین، آئرلینڈ، پرتگال، نیدرلینڈز، بیلجیئم، آسٹریا، یونان، سوئٹزرلینڈ، ناروے، فن لینڈ، ڈنمارک اور دیگر شامل ہیں۔
اس کے علاوہ، مشرقی ایشیا کے جاپان، جنوبی کوریا، ملائیشیا اور برونائی کے ساتھ خلیجی ممالک سعودی عرب، کویت، بحرین اور عمان بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، اور لاطینی امریکہ کے ممالک جیسے برازیل، ارجنٹینا، چلی، پیرو اور یوراگوئے کو بھی ویزا فری انٹری دی جائے گی۔
ایک قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ روس کو بھی پہلی بار اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے جسے بیجنگ اور ماسکو کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان کے ویزا فری فہرست سے باہر رہنے پر ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ فی الوقت چین نے کوئی عندیہ نہیں دیاتاہم مستقبل میں اسلام آباد کو اس فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سونے کی قیمت میں تاریخی اضافہ، نئے ریکارڈ قائم
تجزیہ کاروں کے مطابق چین کا یہ اقدام بین الاقوامی سطح پر ایک جامع سفارتی اور معاشی حکمت عملی کا حصہ ہےجس کے ذریعے وہ اپنی سیاحت، عالمی ساکھ اور اقتصادی روابط کو نئی وسعت دینا چاہتا ہے۔