پاکستان، یو اے ای کو ہرا کر سہ ملکی سیریز کے فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان نے شارجہ میں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے پانچویں میچ میں متحدہ عرب امارات کو 31 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

پاکستان کی جانب سے 172 رنز کا ہدف دیا گیا جس کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنا سکی۔

یو اے ای کے اوپنر علیشان شرفو نے 68 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے۔ کپتان محمد وسیم 12، ایتھان ڈی سوزا 9، آصف خان 7، راہول صفر، ہرشت کوشک 3 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

پاکستان کی جانب سے اسپنر ابرار احمد نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں محض 9 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز اسکور کیے۔ فخر زمان نے 44 گیندوں پر 77 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ محمد نواز 37 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر بلے بازوں میں صاحبزادہ فرحان نے 16، صائم ایوب نے 11، سلمان علی آغا نے 7 اور محمد حارث نے 14 رنز اسکور کیے، جب کہ حسن نواز 4 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

یو اے ای کے بولر حیدر علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ میچ میں پاکستان کی قیادت سلمان علی آغا نے کی اور ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، سفیان مقیم اور حارث رؤف کی جگہ ابرار احمد اور سلمان مرزا کو شامل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : سینیئر صحافی حسن ایوب خان کو وزیراعلی علی امین گنڈا پور نے 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا

سیریز میں پاکستان اب تک تین میں سے دو میچز جیت چکا ہے جبکہ ایک میچ میں اسے افغانستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کامیابی کے بعد پاکستان فائنل میں پہنچ گیا ہے جہاں اس کا مقابلہ افغانستان سے متوقع ہے۔

Scroll to Top