ضلع کرم کی تحصیل لوئر کرم کے علاقے مخی زئی میں پاراچنار جانے والی گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور اس کی دو بیٹیاں شدید زخمی ہو گئیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق زاہد حسین نامی شخص اپنی دو جوان بیٹیوں کے ہمراہ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے پاراچنار جا رہا تھا کہ راستے میں نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں زاہد حسین موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ان کی دونوں بیٹیاں گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئیں، جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار منتقل کر دیا گیا۔
واقعہ شمع دار بابا کے پہاڑی علاقے میں پیش آیا، پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایبٹ آباد سے افسوسناک خبر، ڈمپر نے 8 طلبہ کو کچل دیا
یاد رہے دو روز پہلے لوئر کرم کے علاقے مہورہ احمد خان کلی میں بھی ایک گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں چھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔