شیراز احمد شیرازی
اسلام آباد (پختون ڈیجیٹل) علیمہ خان پر انڈہ پھینکنے کے واقعے میں نیا موڑ، جس گاڑی میں ملوث خواتین موقعے سے فرار ہوئیں، اس کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
گاڑی رینٹ اے کار سے حاصل کی گئی تھی اور اس کا کرایہ دار ایک مقامی حجام نکلا۔
تفصیلات کے مطابق مذکورہ گاڑی فیصل قیوم نامی شخص نے ایک مقامی شوروم سے کرائے پر حاصل کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل قیوم پیشے کے لحاظ سے حجام ہے اور اس کا دعویٰ ہے کہ اس کا واقعے سے کوئی براہِ راست تعلق نہیں۔
گاڑی کے مالک جو رینٹ اے کار سروس چلا رہے ہیں، نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میری گاڑی صرف کرائے پر لی گئی تھی، مجھے اس واقعے کا کوئی علم نہیں تھا۔ جب یہ سب سنا تو افسوس ہوا کہ گاڑی اس طرح استعمال ہوئی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ انڈے پھینکنے والی خواتین بھی مقامی ہی تھیں، اور بظاہر اس واقعے کی منصوبہ بندی پہلے سے کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : علیمہ خان کی توہین صرف ایک فرد نہیں، بلکہ پوری عورت ذات کی توہین ہے، مولانا فضل الرحمان
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیجز، گاڑی کا ریکارڈ، اور موقع پر موجود شواہد کی مدد سے ملوث افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
یاد رہے کہ علیمہ خان پر ایک تقریب میں اس وقت انڈے پھینکے گئے تھے جب وہ باہر نکل رہی تھیں، جس کے بعد حملہ آور خواتین تیزی سے ایک گاڑی میں فرار ہو گئیں۔