جے یو آئی کا خیبرپختونخوا میں کرپشن، اقرباپروری کے خلاف عوامی مہم شروع کرنے کا اعلان

مولانا فضل الرحمان نے سیلاب کے باعث مردان اور دیر کے جلسے منسوخ کر دیے

سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں گورننس کا بحران شدید ہو چکا ہے اور جو اس بحران سے نکال سکتے ہیں، وہ خود بحران کا شکار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عوام کو نازک حالات سے آگاہ کرنے کے لیے جلسے کر رہے تھے، تاہم سیلاب کے باعث مردان اور دیر کے جلسے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا کہ 16 اکتوبر کو ڈیرہ میں مفکر اسلام مفتی محمود کانفرنس منعقد کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نازک حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور تصادم کی خواہش نہیں، لیکن عوام کو سچ بتانا بھی ضروری ہے۔

انہوں نے خیبرپختونخوا کی حکومت کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بدامنی اور کرپشن عروج پر ہے۔ سوات اور باجوڑ کے نازک حالات کی ذمہ داری ریاست پر عائد ہوتی ہے اور امن فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : علیمہ خان پر انڈہ پھینکنے کا واقعہ، فرار گاڑی کی شناخت ہو گئی

ان کا کہنا تھا کہ سوات، وزیرستان اور باجوڑ کے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں، اور اگرچہ ریاستی ادارے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں، لیکن یہ ناکافی ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دہشت گرد اتنے طاقتور ہو چکے ہیں کہ ریاستی اداروں کا مقابلہ کر رہے ہیں، تاہم جے یو آئی اسلام کی سربلندی اور عوامی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

Scroll to Top