جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان پر حالیہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ’’قابل افسوس اور ناقابل برداشت‘‘قرار دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل (ہم نیوز)کے مطابق گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر پریس کانفرنس کے دوران دو خواتین کی جانب سے علیمہ خان پر انڈہ پھینکنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں اس اقدام کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس نے واقعے میں ملوث دونوں خواتین کو گرفتار کر لیا ہے، گرفتار خواتین کا تعلق تحریک انصاف سے بتایا جا رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’’ہمارے معاشرے کی بنیاد خواتین کی عزت، سماجی رواداری اور شائستگی پر قائم ہے، اور علیمہ خان کیساتھ پیش آنیوالا واقعہ نہ صرف ان کی ذات بلکہ پورے معاشرتی وقار کی توہین ہے۔‘‘
جے یو آئی سربراہ نے اس موقع پر یاد دہانی کروائی کہ ان کی جماعت ماضی میں بھی سیاسی مخالفین کیساتھ پیش آنیوالے قابل مذمت واقعات جیسے نواز شریف پر جوتا پھینکنے، خواجہ آصف پر سیاہی پھینکنے اور احسن اقبال کو گولی مارنے کی شدید مخالفت کر چکی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو ذاتی حملوں اور تشدد میں بدلنا جمہوری اقدار کیخلاف ہے۔ انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ سیاسی ماحول میں برداشت اور شائستگی کو فروغ دیا جا سکے۔