اسلام آباد : حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ حکومت احساس پروگرام کے تحت 25 ہزار روپے کی نئی مالی امداد فراہم کر رہی ہے۔ تاہم متعلقہ حکام نے وضاحت کی ہے کہ “احساس 25,000 روپے” کے نام سے کوئی نیا وظیفہ متعارف نہیں کرایا گیا، بلکہ یہ رقم مختلف مدات جیسے سہ ماہی وظیفہ، بچوں کی تعلیم کے لیے الاؤنس، اور پچھلی ادائیگیوں کے بقایاجات پر مشتمل ہے۔
جنوری 2025 سے سہ ماہی ادائیگی کی رقم 10 ہزار 500 سے بڑھا کر 13 ہزار 500 روپے کر دی گئی ہے۔ وہ خاندان جنہوں نے نیا NSER (ڈائنامک سروے 2025) مکمل کر لیا ہے اور حکومتی معیار کے مطابق اہل قرار پاتے ہیں، وہ بچوں کے تعلیمی وظیفے اور پرانی بقایاجات سمیت مجموعی رقم حاصل کرنے کے مجاز ہیں۔
اہلیت کے معیار کے مطابق خاندان کی سربراہی خاتون کے پاس ہونی چاہیے، NSER سروے اپ ڈیٹ ہو، غربت کی درجہ بندی کے معیار پر پورا اتریں، قومی شناختی کارڈ اور بایومیٹرک تصدیق درست ہو، اور بچوں کی اسکول میں حاضری کم از کم 70 فیصد ہو۔
مستحق افراد اپنی ادائیگی اور اہلیت کی معلومات جاننے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8171 پر ایس ایم ایس کر سکتے ہیں، یا 8171 ویب پورٹل پر جا کر آن لائن بھی تفصیلات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ علاوہ ازیں، HBL Konnect اور بی آئی ایس پی مجاز نمائندوں کے ذریعے موقع پر تصدیق بھی ممکن ہے۔
رقم کی ادائیگی کے لیے مختلف ذرائع کا بندوبست کیا گیا ہے، جن میں بی آئی ایس پی کے کیمپس یا تحصیل سطح کے مراکز، HBL Konnect کے ایجنٹس اور دور دراز علاقوں کے لیے موبائل پیمنٹ وینز شامل ہیں۔ 2025 کے پائلٹ پروگرام کے تحت ایزی پیسہ، جاز کیش اور سہولت اکاؤنٹس کے ذریعے براہ راست رقم کی ترسیل بھی شروع کی جا چکی ہے۔
اگر کسی وجہ سے SMS کا جواب نہ آئے تو کچھ دیر بعد دوبارہ کوشش کی جا سکتی ہے یا قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ بایومیٹرک تصدیق میں ناکامی کی صورت میں نادرا کے دفتر سے ڈیٹا کی توثیق کرائی جا سکتی ہے۔ اگر رقم ادھوری ملے یا کٹوتی کی جائے تو رسید ضرور حاصل کریں اور فوری طور پر ہیلپ لائن پر شکایت درج کرائیں۔