پاکستان کے کرکٹ شائقین کے لیے خوشخبری، 17 سال بعد فیصل آباد میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہونے جا رہی ہے۔
پی سی بی نے جنوبی افریقہ کی ٹیم کے دورہ پاکستان کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق مہمان ٹیم دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔
پی سی بی کے مطابق سیریز کا آغاز 12 اکتوبر کو لاہور میں پہلے ٹیسٹ میچ سے ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 اکتوبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 28 اکتوبر سے ہوگا پہلا ٹی ٹوئنٹی راولپنڈی اور باقی دو میچز لاہور میں ہوں گے۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ 17 سال بعد فیصل آباد کا کرکٹ سٹیڈیم ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کرے گا جہاں 4 سے 8 نومبر تک تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے، فیصل آباد میں آخری ون ڈے میچ 2008 میں کھیلا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ارشد ندیم کی واپسی، ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں قومی پرچم بلند کرنے کو تیار
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے اس موقع کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں 17 برس بعد ون ڈے انٹرنیشنل کی واپسی ایک تاریخی لمحہ ہے اور یہ سیریز شائقین کو اعلیٰ معیار کی کرکٹ دیکھنے کا موقع فراہم کرے گی۔