کالا باغ ڈیم پر علی امین گنڈاپور کا مؤقف ذاتی ہے، پارٹی پالیسی نہیں، عاطف خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عاطف خان نے کالا باغ ڈیم سے متعلق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے حالیہ بیان کو ان کی ذاتی رائے قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پارٹی پالیسی نہیں ہے۔

نجی ٹی وی سماء نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عاطف خان نے واضح کیا کہ کالا باغ ڈیم ایک متنازع منصوبہ ہے، جس پر نہ خیبرپختونخوا اسمبلی، نہ عوام، اور نہ ہی پارٹی کی مرکزی قیادت کی حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم پر پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا بیان ہی پارٹی کا سرکاری مؤقف ہے، جس کے مطابق صوبوں کے اتفاقِ رائے کے بغیر کالا باغ ڈیم نہیں بنایا جا سکتا۔

عاطف خان نے کہا کہ کالا باغ ڈیم پر ملک میں قومی اتفاق رائے موجود نہیں، اور جب تک تمام صوبے متفق نہ ہوں، اس منصوبے کو آگے بڑھانا ممکن نہیں۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ ایسے بڑے آبی منصوبے جن پر تنازع نہیں ہے، حکومت کو ان پر فوری کام شروع کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : زندگی کا سفر ایک لمحے میں تھم گیا، ایبٹ آباد میں افسوسناک حادثہ

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں بڑے اور دیرپا منصوبے شامل نہیں، حکومت عارضی نوعیت کے کاموں جیسے سڑکیں اور پل بنانے میں مصروف ہے، جبکہ آبی ذخائر جیسے اہم قومی مفاد کے منصوبے نظر انداز کیے جا رہے ہیں۔

عاطف خان نے زور دیا کہ پاکستان کو پانی کے بحران سے نمٹنے کے لیے قومی اتفاق رائے پر مبنی آبی منصوبوں کی ضرورت ہے، اور سیاسی جماعتوں کو اس مسئلے پر سنجیدہ حکمتِ عملی اپنانا ہوگی۔

Scroll to Top