نئی دہلی: بھارت کی مختلف جیلوں سے رہا کیے گئے 67 پاکستانی قیدی واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
رہا کیے گئے افراد میں 19 عام شہری اور 48 ماہی گیر شامل ہیں، جنہیں بھارتی حکام نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پاکستان کے حوالے کیا۔
پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی کے بیان کے مطابق یہ قیدیوں کی رہائی دو طرفہ سفارتی رابطوں اور مستقل کوششوں کا نتیجہ ہے۔
ہائی کمیشن نے قیدیوں کی بحفاظت واپسی کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ حکومت پاکستان تمام پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے لیے کوشاں ہے اور اس حوالے سے بھارت سے مسلسل رابطے میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کا قطر پر فضائی حملہ درندگی کی بدترین مثال ہے، جے یو آئی ترجمان
ہائی کمیشن نے مزید کہا کہ قونصلر رسائی قانونی معاونت اور انسانی بنیادوں پر رہائی جیسے معاملات میں پیش رفت جاری ہے اور بھارت میں قید دیگر پاکستانی شہریوں کی رہائی کے لیے بھی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
واپس آنے والے قیدیوں کو پاکستانی حکام نے واہگہ بارڈر پر خوش آمدید کہا، جبکہ ان کے طبی معائنے اور قانونی کارروائی کے بعد انہیں گھروں کو روانہ کیا جائے گا۔