کینیڈا نے پاکستان میں حالیہ بارشوں اور تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے 2.6 ملین ڈالرز کی انسانی ہمدردی پر مبنی امداد کا اعلان کر دیا ہے۔
کینیڈین وزیر مملکت برائے بین الاقوامی ترقی رندیپ سرائے نے امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں اور متعدد قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ کینیڈا اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
یہ رقم اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی امدادی اداروں کے ذریعے استعمال کی جائے گی تاکہ متاثرہ افراد کو عارضی پناہ گاہیں، صاف پانی، خوراک اور جان بچانے والی بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
کینیڈین حکومت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ قدرتی آفات سے متاثرہ کمیونٹیز کی بحالی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔