لندن: پاکستانی ہائی کمشنر نے دفاعی نمائش میں پاکستان پویلین کا معائنہ کیا

لندن : برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر، ڈاکٹر محمد فیصل نے لندن میں جاری عالمی دفاعی نمائش ڈیفنس اینڈ سکیورٹی ایکوپمنٹ انٹرنیشنل (DSEI-2025) میں قائم پاکستان پویلین کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور پاکستان کی دفاعی صنعتوں کی نمائندگی کرنے والے حکام سے ملاقاتیں کیں۔

اس اہم موقع پر ڈائریکٹر جنرل جوائنٹ سٹاف لیفٹیننٹ جنرل تبسم حبیب اور ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن بھی موجود تھے، جو کہ دفاعی نمائش میں پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔

ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان نے اپنی دفاعی ٹیکنالوجی اور عسکری صلاحیتیں مقامی طور پر تیار کی ہیں، جن کا عملی مظاہرہ دنیا نے آپریشن بنیان مرصوص کے دوران دیکھا۔ ہمیں اپنی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ معیار پر فخر ہے۔

DSEI-2025 دفاعی نمائش میں 90 سے زائد ممالک کے 45 ہزار سے زیادہ شرکاء، 1600 سے زائد نمائش کنندگان، 3300 عالمی شخصیات اور 460 سے زائد اعلیٰ فوجی افسران شریک ہیں، جو اس ایونٹ کو دنیا کی سب سے بڑی دفاعی نمائشوں میں سے ایک بناتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی وی کے نامور اداکار عشرت عباس انتقال کر گئے

نمائش میں ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا (HIT)، پاکستان آرڈیننس فیکٹریز واہ (POF) اور نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NRTC) سمیت پاکستان کی معروف دفاعی ادارے اپنے جدید آلات اور ٹیکنالوجی کی نمائش کر رہے ہیں۔

عالمی دفاعی اداروں اور کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں تیار کردہ دفاعی مصنوعات اور ٹیکنالوجیز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے، جو کہ پاکستان کی دفاعی صنعت کی بڑھتی ہوئی عالمی پذیرائی کا واضح ثبوت ہے۔

Scroll to Top