پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے 12 بہادر سپاہیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
قومی اخبار (روزنامہ پاکستان ویب سائٹ )کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ وطن کے محافظوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر جو جرأت و بہادری دکھائی، وہ پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ قومی یادداشت کا حصہ رہیں گی اور ان کا ذکر ہمیشہ عقیدت و احترام کے ساتھ کیا جائے گا۔
تحریک انصاف نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے، اور یہ ناقابلِ فراموش قربانیاں ہمیں اپنی آزادی اور امن کی اہمیت کا احساس دلاتی ہیں۔
اعلامیہ میں دہشت گردی کے حالیہ بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ ’’ملک خصوصاً خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی تازہ لہر انتہائی خطرناک ہے، جس سے نمٹنے کے لیے ایک جامع اور مؤثر قومی پالیسی کی فوری ضرورت ہے۔‘‘
پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں صرف فوج نہیں، بلکہ پوری قوم کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ’’عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان اعتماد اور یکجہتی ہی دہشت گردی کے خلاف سب سے مؤثر ہتھیار ہے،‘‘
آخر میں تحریک انصاف نے دعا کی کہ اللہ رب العزت شہداء کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے۔