بنوں میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور انسدادِ پولیو مہم کے دوران مؤثر سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، پابندیاں 14 ستمبر سے 21 ستمبر 2025 تک لاگو رہیں گی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق اس دوران ضلع بنوں کی حدود میں اسلحہ کی نمائش، موٹر سائیکل پر ڈبل سواری اور گاڑیوں میں کالے شیشے استعمال کرنے پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ 15 سے 19 ستمبر تک جاری رہنے والی انسدادِ پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ پولیو ٹیموں اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: بنوں میں دفعہ 144 نافذ، ٹریفک کی آمدورفت پر مکمل پابندی
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے انسدادِ پولیو مہم میں مکمل تعاون کریں تاکہ بنوں کو پولیو سے پاک بنایا جا سکے۔