بھارتی ٹیم کے نامناسب رویے پر محسن نقوی کا ردعمل بھی سامنے آگیا

بھارتی ٹیم کے نامناسب رویے پر محسن نقوی کا ردعمل بھی سامنے آگیا

ایشیا کپ 2025 کے چھٹے اور سب سے زیادہ زیر بحث میچ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدہ فضا پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں محسن نقوی نے کہا’’پاک بھارت میچ میں اسپورٹس مین شپ کا فقدان دیکھ کر افسوس ہوا۔ کھیل میں سیاست کو شامل کرنا اس کی اصل روح کے خلاف ہے۔‘‘انہوں نے مزید امید ظاہر کی کہ آئندہ تمام ٹیمیں اپنی فتوحات وقار، رواداری اور خوش اخلاقی سے منائیں گی تاکہ کرکٹ کی خوبصورتی برقرار رہ سکے۔

ٹاس کے موقع پر ہاتھ نہ ملانے کا واقعہ ٹی 20 ایشیا کپ 2025 کے اس اہم ترین میچ میں اس وقت سب کی توجہ حاصل ہوئی جب ٹاس کے موقع پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔ میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان نہ تو کوئی روایتی مصافحہ ہوا اور نہ ہی کسی قسم کی خوشگوار بات چیت دیکھنے کو ملی۔

میچ کے اختتام پر بھی بھارتی بلے باز بغیر کسی مصافحے کے سیدھے ڈریسنگ روم کی جانب روانہ ہو گئے، جس پر کرکٹ شائقین اور تجزیہ کاروں نے شدید تنقید کی

پاکستانی ٹیم مینیجر کا ردعمل پاکستانی ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے اس رویے پر بات کرتے ہوئے کہا’’بھارتی کھلاڑیوں کا ہاتھ نہ ملانا اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف ہے۔‘‘انہوں نے انکشاف کیا کہ ٹاس کے وقت میچ ریفری کی جانب سے دونوں کپتانوں کو ہاتھ نہ ملانے کی ہدایت دی گئی تھی، تاہم میچ کے بعد مصافحہ نہ کرنا غیر معمولی اور افسوسناک عمل تھا۔

کرکٹ کو ہمیشہ دو روایتی حریفوں، پاکستان اور بھارت، کے درمیان تعلقات میں بہتری کا ایک ذریعہ سمجھا جاتا رہا ہے۔ مگر اس مرتبہ کھیل سے زیادہ سیاست غالب آتی دکھائی دی۔ بھارت کی جانب سے بار بار کھیل کے روایتی آداب کی خلاف ورزی پر شائقین نہ صرف مایوس ہوئے بلکہ کھیل کی عالمی روح بھی متاثر ہوئی۔

یہ صورتحال صرف ایک میچ کی نہیں بلکہ کھیل کے مستقبل پر سوالیہ نشان ہے۔ اگر کرکٹ جیسے کھیل میں بھی سیاست در آئے تو وہ وقت دور نہیں جب کھیل کا میدان اتحاد کی بجائے تفریق کا باعث بنے گا۔

Scroll to Top