بھارتی کھلاڑیوں کو ہاتھ نہ ملانے کی ہدایت کس نے دی تھی؟ نام سامنے آگیا

بھارتی کھلاڑیوں کو ہاتھ نہ ملانے کی ہدایت کس نے دی تھی؟ نام سامنے آگیا

ایشیا کپ 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا میچ کرکٹ کے میدان میں تو یکطرفہ رہا، لیکن میچ کے بعد پیش آنے والے غیر روایتی رویے نے کرکٹ کے آداب اور اسپورٹس مین شپ پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ بھارتی ٹیم کی جانب سے میچ کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانے کے پیچھے اصل ہدایت کس نے دی، اس کا انکشاف بھارتی میڈیا نے کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس اور NDTV کے مطابق یہ واقعہ محض جذباتی ردعمل نہیں تھا بلکہ پہلے سے طے شدہ حکمت عملی کا حصہ تھا۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے کھلاڑیوں کو واضح ہدایت دی تھی کہ وہ میچ کے دوران یا بعد میں پاکستانی کھلاڑیوں سے نہ تو مصافحہ کریں اور نہ کوئی بات چیت کریں۔گویا کھیل کے میدان میں روایتی خوش اخلاقی اور کھیل کے جذبے کو ایک سیاسی فیصلے کی نذر کر دیا گیا۔

پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے واقعے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’ہم کھیل کی روایت کو برقرار رکھنا چاہتے تھے اور ہاتھ ملانے کے لیے تیار تھے، لیکن افسوس کہ ہماری حریف ٹیم پہلے ہی ڈریسنگ روم جا چکی تھی۔ یہ کھیل ختم کرنے کا افسوسناک طریقہ تھا۔‘‘کوچ کے مطابق پاکستانی کپتان سلمان علی آغا اور ٹیم انتظامیہ نے حتیٰ المقدور کوشش کی کہ میچ کا اختتام خوشگوار ماحول میں ہو، لیکن بھارتی کھلاڑیوں نے روایتی کرکٹ اقدار کو نظر انداز کر دیا۔

یاد رہے کہ ٹاس کے وقت بھی بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا تھا، جس پر تبصرہ کرتے ہوئے متعدد ماہرین نے کہا کہ شاید یہ فیصلہ بھارت میں حالیہ سیاسی اور عوامی دباؤ کے نتیجے میں کیا گیا۔یہ بھی رپورٹ کیا گیا کہ سوریا کمار کو چند دن قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے ہاتھ ملانے پر بھارت میں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ کھلاڑی “سیاسی مخالفت” کے تحت کسی قسم کی خیرسگالی کا مظاہرہ نہ کریں۔

کرکٹ صرف ایک کھیل نہیں بلکہ بین الاقوامی تعلقات اور عوامی جذبات کی عکاسی بھی کرتا ہے۔ ایسے میں ایک جیت کے بعد سپورٹس مین شپ کا مظاہرہ نہ کرنا کھیل کی روح کے خلاف ہے۔ اگر کھلاڑی ایک دوسرے سے ہاتھ نہ ملائیں، بات نہ کریں، تو پھر کھیل وہ رشتہ نہیں بن پاتا جو قوموں کو قریب لاتا ہے۔بھارتی کوچ گوتم گمبھیر کی ہدایت نے نہ صرف ایشیا کپ کے ایک سنجیدہ لمحے کو تلخ بنایا، بلکہ کرکٹ کے عالمی اقدار پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

Scroll to Top