وفاقی حکومت کا میٹرک پوزیشن ہولڈرز کے لیے ترکی وزٹ پروگرام کا آغاز

وفاقی حکومت کا میٹرک پوزیشن ہولڈرز کے لیے ترکی وزٹ پروگرام کا آغاز

وفاقی حکومت نے پاکستان بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کے میٹرک امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے لیے ترکی کے مطالعاتی دورے کے شاندار پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد طلبہ کو بین الاقوامی سطح پر سیکھنے، تبادلہ خیال اور ثقافتی آگاہی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

یہ منفرد پروگرام وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے باہمی اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس کے تحت منتخب پوزیشن ہولڈرز کو سرکاری پاسپورٹس پر ترکی کا سفر کروایا جائے گا۔

شرکت کے لیے اہم شرائط
آئی بی سی سی (انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین) کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، اس پروگرام میں شامل ہونے کے خواہش مند طلبہ کو درج ذیل شرائط پوری کرنا ہوں گی:

کسی سرکاری اسپتال سے جاری کردہ میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ
والدین یا سرپرست کا تحریری اجازت نامہ
دوو عدد سفید شلوار قمیض کے جوڑے اور موزوں جوتےصرف ایک شولڈر بیگ کی اجازت ہو گی
لیپ ٹاپ، کیمرا اور دیگر الیکٹرانک آلات ساتھ لے جانے پر پابندی ہوگی
والدین یا سرپرست کا ہنگامی رابطہ نمبر دینا لازمی ہوگا
وزارت کی جانب سے طلبہ کو سبز رنگ کے بلیزرز بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ طلبہ بطور نمائندہ گروپ پیش ہوں۔

سہولیات اور انتظامات
آئی بی سی سی کے مطابق طلبہ کی سہولت کے لیے متعلقہ تعلیمی بورڈز پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کریں گے۔ تمام بورڈز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ منتخب طلبہ کے پاسپورٹس اور دیگر مطلوبہ دستاویزات 19 ستمبر 2025 تک آئی بی سی سی سیکریٹریٹ، اسلام آباد پہنچا دی جائیں تاکہ ترکی کے حکام سے بروقت کارروائی کی جا سکے۔

اس پورے عمل کی نگرانی تمام بورڈز کے چیئرمین کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ طلبہ تمام رسمی کارروائی مکمل کر کے پُر امن اور منظم طریقے سے اس بین الاقوامی دورے میں شرکت کریں۔

ایک یادگار تجربہ:
وفاقی حکومت کے اس اقدام کو تعلیمی و سماجی حلقوں میں خوب سراہا جا رہا ہے۔ ترکی کا یہ دورہ نہ صرف ان ہونہار طلبہ کے لیے بین الاقوامی تجربے کا باعث بنے گا بلکہ انہیں نئی تہذیب، ثقافت اور تعلیم کے مواقع سے بھی روشناس کرائے گا۔ اس پروگرام کو پاکستان کے روشن مستقبل کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top