خیبرپختونخوا میں ضمنی بلدیاتی انتخابات ،شیڈول جاری،مانیٹرنگ افسران تعینات

پشاور:خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں نائبرہڈ اور ویلیج کونسلوں کی خالی نشستوں پر تیسرے ضمنی بلدیاتی انتخابات 19 اکتوبر کو منعقد ہوں گے۔

اس سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران اور مانیٹرنگ افسران کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

دفتر صوبائی الیکشن کمشنر، خیبرپختونخوا کے مطابق، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 16 سے 18 ستمبر تک ہوگی، جب کہ منظور شدہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 19 ستمبر کو جاری کی جائے گی۔

کاغذات کی منظوری یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 20، 22 اور 23 ستمبر تک جمع کرائی جا سکیں گی، جن پر فیصلے 26 ستمبر تک سنا دیے جائیں گے۔

امیدواروں کو 29 ستمبر تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی مہلت دی گئی ہے، جس کے بعد 30 ستمبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی اور انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل 19 اکتوبر 2025 کو مکمل کیا جائے گا اور ریٹرننگ افسران 22 اکتوبر کو انتخابی نتائج کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : چائلڈ اسٹار عمر شاہ کی اچانک موت کی وجہ سامنے آگئی

انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت متعلقہ اضلاع میں سرکاری ملازمین کی تعیناتیوں اور تبادلوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، وزیراعظم، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی و صوبائی اسمبلی، وفاقی و صوبائی وزراء سمیت تمام عوامی نمائندوں کے ان علاقوں میں دورے اور ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات پر پابندی ہوگی تاکہ انتخابی عمل غیر جانبدار اور شفاف بنایا جا سکے۔

Scroll to Top