پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبرپختونخوا (پی ڈی ایم اے) نے گلیشیائی جھیل پھٹنے (گلاف) کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔تیز بارشوں کےباعث بالائی علاقوں میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے چترال اپر، چترال لوئر، دیر، سوات اور کوہستان اپر کے عوام کو ممکنہ گلاف واقعات سے متعلق خبردار رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کو حساس علاقوں کی نگرانی، بروقت وارننگ سسٹم کی فراہمی، اور انخلاء کی مشقوں کو یقینی بنانے کے احکامات دیے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب اور تیز بہاؤ والے پانی میں گاڑیاں داخل نہ کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔
ادارے نے یہ بھی کہا ہے کہ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں انخلاء کے لیے مخصوص مقامات تیار کر لیے گئے ہیں اور ریسکیو سروسز کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں فوری طور پر حفاظتی اقدامات اختیار کریں، جبکہ سیاحوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ موسم اور حالات کے مطابق اپنی سرگرمیوں میں احتیاط برتیں۔
سڑکوں کی بروقت بحالی کے لیے این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو کو بھی پیشگی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع یا معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سرکاری سکولوں اور کالجز کی آؤٹ سورسنگ، اسلامی جمعیت طلبہ کا تعلیم بچاؤ مہم کا اعلان
ادارے نے عام عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔