پشاور: سیکرٹری تعلیم خیبرپختونخوا کے مبینہ یرغمالی کے خلاف پی ایم ایس افسران کا ہڑتال کا اعلان

پشاور :خیبرپختونخوا کے پرووینشل مینجمنٹ سروسز( پی ایم ایس ) افسران کی ایسوسی ایشن اور سیکریٹریٹ کوآرڈینیشن کونسل نے صوبہ بھر میں سول سیکریٹریٹ پشاور میں منگل کو قلمی ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ ہڑتال صوبائی معاون خصوصی نیک محمد خان کی جانب سے مبینہ طور پر سیکرٹری تعلیم خیبرپختونخوا کویرغمال بنانے کے واقعے کے خلاف احتجاج کے طور پر کی جائے گی۔

پی ایم ایس ایسوسی ایشن کے چیئرمین نعمان وزیر نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ وہ سیکرٹری تعلیم خالد خان کے دفتر میں ان کے ساتھ مبینہ طور پر یرغمال بنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہیں جس میں چیف منسٹر کے معاون خصوصی نیک محمد ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے خلاف کل تمام دفاتر بند رہیں گے اور صوبائی سیکریٹریٹ میں تمام محکمہ جات کے اہلکار صبح ابتدائی و ثانوی تعلیم کے دفتر کے باہر جمع ہوں گے تاکہ احتجاج کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیل پھٹنے کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری

سیکرٹری تعلیم خالد خان نے بھی وزیر نیک محمد کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے اعلی حکام کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ معاون خصوصی نیک محمد اپنے مسلح ساتھیوں کے ساتھ ان کے دفتر میں داخل ہوئے، انہیں اور ان کے عملے کو یرغمال بنایا اور دھمکیاں دیں۔

Scroll to Top