صوابی کی بیٹی ایس ایس پی عائشہ گل نے خیبرپختونخوا پولیس میں تاریخ رقم کر دی

پشاور: خیبرپختونخوا پولیس کی تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون افسر کو ایس ایس پی کے اہم عہدے پر تعینات کر دیا گیا ہے۔

ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والی عائشہ گل کو ایس ایس پی انویسٹیگیشن پشاور مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی تعیناتی کا باضابطہ اعلامیہ آئی جی خیبرپختونخوا نے جاری کیا۔

عائشہ گل پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی) گروپ سے تعلق رکھتی ہیں اور اس سے قبل اے آئی جی جینڈر کے طور پر فرائض انجام دے چکی ہیں، جہاں انہوں نے خواتین کے مسائل، صنفی مساوات اور جدید پولیسنگ کے حوالے سے نمایاں خدمات انجام دیں۔

ذرائع کے مطابق گریڈ 18 کی افسر عائشہ گل نے حال ہی میں بیرون ملک ایک خصوصی تربیتی کورس مکمل کیا ہے، جس کے بعد انہیں صوبائی دارالحکومت کے اہم ترین شعبے انویسٹیگیشن کی قیادت سونپی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عائشہ گل کی بطور ایس ایس پی انویسٹیگیشن تعیناتی نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے ملک میں خواتین پولیس افسران کے لیے ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، جو خواتین کو قیادت کے اہم مواقع دینے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

Scroll to Top