پشاور: خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں پولیو وائرس کے مزید دو کیسز سامنے آ گئے ہیں، جس کے بعد رواں سال ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 26 ہو گئی ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نئے کیسز ضلع لکی مروت اور شمالی وزیرستان میں رپورٹ ہوئے ہیں، جہاں پولیو وائرس نے ایک بار پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے جو عمر بھر کی معذوری کا سبب بن سکتا ہے، اس لیے والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلائیں۔
یہ بھی پڑھیں : صوابی کی بیٹی ایس ایس پی عائشہ گل نے خیبرپختونخوا پولیس میں تاریخ رقم کر دی
مزید بتایا گیا ہے کہ جنوبی خیبرپختونخوا، باجوڑ اور اپر دیر میں آج سے انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے دوران رواں ہفتے 16 لاکھ 85 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
پولیو کے حالیہ کیسز ایک بار پھر اس بات کی یاد دہانی ہیں کہ وائرس اب بھی موجود ہے اور اس کے مکمل خاتمے کے لیے قومی سطح پر مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔