چارسدہ : شہید کانسٹیبل کی نماز جنازہ ادا، شہدا کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، آر پی او جواد قمر

الف خان شیرپاؤ
چارسدہ: تھانہ پڑانگ کی حدود درب ماجو میں خطرناک اشتہاری ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کانسٹیبل فصیح الدین خان کی نماز جنازہ پولیس لائن چارسدہ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں ریجنل پولیس آفیسر مردان جواد قمر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان، ڈپٹی کمشنر چارسدہ ڈاکٹر عظمت اللہ خان، سرکل ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، پولیس افسران اور دیگر جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی جبکہ افسران نے پھولوں کے گلدستے رکھ کر شہید کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

بعد ازاں شہید کا جسد خاکی ان کے آبائی گاؤں درگئی سرڈھیری روانہ کیا گیا۔ شہید کے سوگوار خاندان میں تین بچے شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : لکی مروت اور شمالی وزیرستان میں پولیو کے نئے کیسز سامنے آ گئے

اس موقع پر آر پی او مردان جواد قمر نے کہا کہ شہید کانسٹیبل فصیح الدین خان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہداء ہماری پہچان ہیں اور پولیس فورس ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

Scroll to Top