ضلع خیبر کے وادی تیراہ میدان میں آشوب چشم کی وبا تیزی سے پھیل گئی ہے جبکہ مویشی بھی منہ کھر اور دیگر وبائی امراض سے ہلاک ہو رہے ہیں، جس کے باعث مقامی لوگ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
مقامی افراد نے محکمہ صحت اور محکمہ لائیوسٹاک سے فوری اصلاح احوال اور امداد کی درخواست کر دی ہے۔
وادی تیراہ میدان کے ویلج کونسل 70 ورسک شلوبر کے چیئرمین نور حلیم آفریدی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے علاقے کے مختلف حصوں میں آشوب چشم کی بیماری نے درجنوں افراد کو متاثر کیا ہے اور لوگ شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وبا کی وجہ سے صحت کی صورتحال تشویشناک ہو چکی ہے اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
نور حلیم نے بتایا کہ علاقے میں گائیں، بھینسیں اور دیگر مویشی منہ کھر سمیت متعدد وبائی امراض میں مبتلا ہو کر بڑی تعداد میں ہلاک ہو رہے ہیں۔ اس وجہ سے کسانوں کی پیداوار متاثر ہوئی ہے اور وہ مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے محکمہ صحت، محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ اور منتخب نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر میڈیکل ٹیمیں وادی تیراہ میدان بھیجی جائیں تاکہ مقامی لوگوں اور مویشیوں کو لاحق بیماریوں کا فوری علاج ممکن بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں انٹرنیٹ سے متعلق بڑی خوشخبری، نئی پالیسی جاری
انہوں نے کہا کہ وبا کی روک تھام اور علاج کے لیے فوری طور پر طبی امداد فراہم نہ کی گئی تو نہ صرف انسانی جانوں کو خطرہ ہوگا بلکہ مویشیوں کی نسل اور مقامی معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچے گا۔
نور حلیم آفریدی نے مزید کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے فوری طور پر اقدامات کریں تاکہ وادی کے عوام کو اس وبا سے نجات مل سکے۔
مقامی افراد نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ حالات کے سدباب کے لیے فوری طور پر وادی میں صحت و لائیوسٹاک کی ٹیمیں روانہ کی جائیں اور موثر حفاظتی تدابیر اپنائی جائیں تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے اور مویشیوں کی حفاظت کی جا سکے۔





