اسلام آباد / ریاض :پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کے بعد دونوں ملکوں میں جشن کا سماں ہے۔
اسلام آباد کی شاہراہیں اور اہم مقامات پاک سعودی دوستی کے رنگوں میں رنگی نظر آ رہی ہیں۔ ریڈ زون دلہن کی طرح جگمگا رہا ہے، چراغاں کیا جا رہا ہے اور ہر جانب قومی اور سعودی پرچموں کی بہار ہے۔
شہریوں کی بڑی تعداد نے پاک سعودی دفاعی اتحاد کو خطے میں امن و استحکام کی ضمانت قرار دیا ہے اور خوشی کے اظہار کے طور پر گھروں، دفاتر اور گاڑیوں پر بھی دونوں ممالک کے پرچم لگا دیے ہیں۔
معاہدے کے تحت اگر پاکستان پر حملہ ہوتا ہے تو اسے سعودی عرب پر حملہ تصور کیا جائے گا اور اگر سعودی عرب پر جارحیت کی جاتی ہے تو اسے پاکستان کے خلاف حملہ سمجھا جائے گا۔
یہ معاہدہ نہ صرف دفاعی اعتبار سے اہم پیش رفت ہے بلکہ دونوں ممالک کے باہمی اعتماد اور اخوت کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بھی اس معاہدے کی خوشی میں بلند و بالا عمارتوں کو پاکستانی اور سعودی پرچم کے رنگوں سے منور کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی دارالحکومت کی عمارتیں پاکستانی پرچم کے رنگوں سے جگمگا اٹھیں
شہریوں نے اس خوبصورت نظارے کو سراہتے ہوئے اسے دونوں برادر اسلامی ممالک کی قربت اور اتحاد کا مظہر قرار دیا ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف کے درمیان ہونے والے اس دفاعی معاہدے کو تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔





