برطانیہ : برطانیہ کے شاہی محل ونزر کاسل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں ایک شاندار عشائیہ منعقد کیا گیا، جس میں بادشاہ چارلس نے صدر ٹرمپ کی عالمی سطح پر امن اور تنازعات کے حل کے لیے کوششوں کو سراہا۔
بادشاہ چارلس نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا امن کے لیے عزم قابلِ قدر ہے اور ان کی کوششیں دنیا کے پیچیدہ مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
امریکی صدر نے بھی برطانیہ اور امریکا کے تعلقات کو دہائیوں پر محیط قابل فخر قرار دیا اور کہا کہ برطانیہ کا یہ دورہ ان کی زندگی کے بڑے اعزازات میں شامل ہے۔
صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کا شاہی خاندان نے ونزر کاسل پہنچ کر پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر صدر ٹرمپ نے بادشاہ چارلس اور ملکہ کمیلا کے ہمراہ گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا، جہاں فوجی تقریب، طیاروں کا فلائی پاسٹ اور رائل فورس کی شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد کی گلیاں، پاک سعودی دوستی کے رنگ میں رنگ گئی
صدر بننے کے بعد یہ ٹرمپ کا برطانیہ کا دوسرا سرکاری دورہ ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے کئی معاہدے متوقع ہیں۔
آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر سے ملاقات کریں گے۔





