امریکا جانے اور گرین کارڈ حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم خبر

امریکا میں مستقل رہائش یعنی گرین کارڈ حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے امریکی محکمہ خارجہ نے ایک اہم اعلان کیا ہے۔

محکمہ خارجہ کے مطابق ڈائیورسٹی ویزا (DV) لاٹری پروگرام میں رجسٹریشن کے لیے پہلی بار ایک ڈالر فیس وصول کی جائے گی، جو 16 اکتوبر 2025 سے نافذ العمل ہوگی۔ یہ فیس امریکی حکومت کی سرکاری ویب سائٹ پر الیکٹرانک رجسٹریشن کے دوران، مجاز ادائیگی پورٹل کے ذریعے ادا کی جائے گی اور ناقابل واپسی ہوگی۔

یہ نئی فیس 330 ڈالر کی اس فیس سے علیحدہ ہے جو منتخب ہونے والے درخواست دہندگان سے بعد میں وصول کی جاتی ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد ڈی وی لاٹری سسٹم کو بہتر بنانا، اس کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط کرنا، اور ڈیٹا پراسیسنگ کے نظام کو اپ گریڈ کرنا ہے۔ اس اقدام سے سالانہ تقریباً 25 ملین ڈالر کی آمدن متوقع ہے، کیونکہ دنیا بھر سے ہر سال اوسطاً 25 ملین افراد اس لاٹری میں رجسٹریشن کراتے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق، یہ فیس جعلسازوں اور غیر قانونی بروکرز کی حوصلہ شکنی میں بھی مدد دے گی، کیونکہ اب درخواست دہندگان براہِ راست حکومت کی ویب سائٹ سے رجسٹریشن اور ادائیگی کر سکیں گے۔

ڈائیورسٹی ویزا لاٹری، جسے گرین کارڈ لاٹری بھی کہا جاتا ہے، ہر سال ان ممالک کے شہریوں کو امریکہ میں امیگریشن کا موقع فراہم کرتی ہے جہاں سے امیگریشن کی شرح کم ہوتی ہے۔ اس پروگرام کے تحت ہر سال 55 ہزار افراد کو ویزے جاری کیے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سی ٹی ڈی کی ضلع خیبرمیں بڑی کارروائی

امریکہ میں مستقبل بسانے کے خواہشمند افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ صرف امریکی حکومت کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے ہی رجسٹریشن کریں اور کسی بھی تھرڈ پارٹی یا مشکوک ویب سائٹ سے بچیں۔ اس کے علاوہ رجسٹریشن سے قبل تمام مطلوبہ دستاویزات اور ڈیجیٹل تصاویر کی تیاری مکمل رکھنی چاہیے تاکہ کسی تاخیر یا تکنیکی مسئلے سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top