گوگل نے پاکستان میں مصنوعی ذہانت سے متعلق ایک نیا سبسکرپشن پلان متعارف کرایا ہے جس کا مقصد صارفین کو جدید ٹیکنالوجی تک آسان اور کم لاگت میں رسائی فراہم کرنا ہے۔
اس نئی پیشکش کے ذریعے صارفین کو گوگل کے جدید اے آئی ٹولز استعمال کرنے کی سہولت میسر آئے گی، جن میں تخلیقی اور پیداواری سرگرمیوں کو سہارا دینے والے فیچرز شامل ہیں۔
کمپنی کے مطابق اس پلان کے تحت صارفین جیمینائی ایپ میں امیجز بنانے اور ایڈٹ کرنے جیسے فیچرز سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے، جبکہ گوگل کے جدید ماڈل جیمینائی 2.5 پرو تک رسائی بھی دی جائے گی۔
یہ سروس جی میل، گوگل ڈاکس اور شیٹس جیسے اہم پلیٹ فارمز کے ساتھ مکمل طور پر مربوط ہوگی تاکہ روزمرہ کے کام مزید مؤثر طریقے سے انجام دیے جا سکیں۔
اس پیکیج میں مزید متعدد جدید سہولیات شامل کی گئی ہیں، جیسے ویڈیو بنانے کے لیے ویو 3 فاسٹ ماڈل، وسک اور فلو جیسے ٹولز کی رسائی، اور کلاؤڈ اسٹوریج کے لیے 200 جی بی کی گنجائش۔ اس سروس کو ایک اکاؤنٹ پر پانچ افراد کے ساتھ شیئر بھی کیا جا سکے گا، جو گھریلو اور اجتماعی استعمال کو آسان بناتا ہے۔
گوگل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر فرحان قریشی کا کہنا تھا کہ ملک میں ڈیجیٹل رجحانات تیزی سے ترقی کر رہے ہیں اور مقامی صارفین نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں نمایاں دلچسپی اور تخلیقی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئی سروس کا مقصد ان ہی رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی سطح پر جدید سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور ہائیکورٹ نے سلمان اکرم راجا کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی
یہ سبسکرپشن پلان فوری طور پر پاکستان بھر میں دستیاب ہے جس کی ماہانہ قیمت 1,400 روپے مقرر کی گئی ہے۔ گوگل نے ابتدائی صارفین کے لیے چھ ماہ تک فیس میں 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔





