دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے سپر فور راؤنڈ کے میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 41 رنز سے شکست دیدی۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ اوپنر ابھیشیک شرما نے 37 گیندوں پر شاندار 75 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ شبھمن گل نے 29 رنز بنائے، جبکہ ٹیم کے دیگر بیٹسمین زیادہ اسکور نہ بنا سکے۔
جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 19.3 اوورز میں 127 رنز پر آوٹ ہو گئی۔ ٹیم کی جانب سے سیف حسن نے سب سے زیادہ 69 رنز بنائے مگر باقی کھلاڑی ففٹی کے اسکور تک بھی نہ پہنچ سکے۔ بنگلہ دیش کے نو کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہونے میں ناکام رہے۔
بھارتی بولنگ میں کلدیپ یادو نے 18 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جب کہ جسپریت بمراہ اور ورون چکرورتی نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین نے دو کھلاڑی آوٹ کیے جبکہ مسفیض الرحمان اور تنظیم حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلہ دیش کے کپتان لٹن داس زخمی ہونے کی وجہ سے میچ میں شامل نہیں تھے، ان کی جگہ ذاکر علی نے ٹیم کی قیادت سنبھالی۔ بنگلہ دیش نے ٹیم میں چار تبدیلیاں کی تھیں، جبکہ بھارت نے اپنی ٹیم برقرار رکھی۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی رہنما فلک جاوید کو کیوں گرفتار کیا گیا؟ وجہ سامنے آگئی
اس سے قبل سپر فور مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے اور بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔





