آئی سی سی رینکنگ: ابرار احمد کی ٹاپ 5 بولرز میں انٹری

ایشیا کپ 2025 میں اپنی شاندار بولنگ کی بدولت پاکستان کے لیگ اسپنر ابرار احمد نے ٹی 20 بولرز کی عالمی رینکنگ میں زبردست ترقی کرتے ہوئے ٹاپ 5 میں جگہ بنا لی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین رینکنگ کے مطابق ابرار احمد نے 12 درجے کی بہتری کے بعد چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے۔

سری لنکا کے خلاف میچ میں ابرار نے 4 اوورز میں صرف 8 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی تھی، جس کی بدولت ان کی درجہ بندی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔ آئی سی سی کی رینکنگ میں بھارت کے ورون چکرورتی پہلے نمبر پر ہیں، جب کہ نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی دوسرے اور ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین براجمان تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

پاکستان کے دیگر بولرز میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بھی دو درجے ترقی کرتے ہوئے 25 ویں اور حارث رؤف نے نو درجے بہتری کے بعد 28 ویں نمبر پر جگہ بنائی ہے۔ تاہم محمد نواز اور صفیان مقیم کی رینکنگ میں کمی دیکھی گئی ہے، جہاں نواز 13 درجے نیچے آ کر 46 ویں اور مقیم 3 درجے تنزلی کے بعد 14 ویں نمبر پر ہیں۔

بولنگ کے شعبے میں بھارت کے ہاردک پانڈیا نے چھ درجے بہتری کے ساتھ 60 ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔

ٹی 20 بیٹنگ رینکنگ میں بھارت کے ابھیشک شرما پہلی پوزیشن پر مستحکم ہیں، جب کہ انگلینڈ کے فل سالٹ دوسرے اور بھارت کے تلک ورما نے ایک درجے ترقی کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان 31 درجے ترقی کے ساتھ 24 ویں اور صائم ایوب 8 درجے کمی کے بعد 55 ویں نمبر پر ہیں۔

پاکستانی کپتان سلمان علی آغا اور اوپننگ بیٹر فخر زمان دونوں نے اپنی درجہ بندی میں تین تین درجے اضافہ کر کے بالترتیب 65 اور 66 ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایشیاکپ: بھارت نے بنگلہ دیش کو شکست دیدی

ٹی 20 آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھارت کے ہاردک پانڈیا پہلے، افغان راشد خان دوسرے اور زمبابوے کے سکندر رضا تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے صائم ایوب پانچویں، محمد نواز 17 ویں اور فہیم اشرف 39 ویں نمبر پر موجود ہیں، جہاں نواز نے ایک درجے ترقی اور فہیم نے 12 درجے بہتری حاصل کی ہے۔

Scroll to Top