پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور جرگوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔
پشاور میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و استحکام اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے صوبے میں نئے سماجی و ترقیاتی پروگرام کے آغاز کا بھی عندیہ دیا، جبکہ وزیر اعلیٰ نے سیڈ اور ایس این جی پروگرامز کی معاونت کو سراہا اور ان کے تسلسل پر زور دیا۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبہ کئی دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے اور اب ان کی عزت دار واپسی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جنہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے اور سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کی سروس آج بھی معطل رہے گی
وزیر اعلیٰ نے اقتصادی ترقی اور خاص طور پر ضم شدہ اضلاع میں روزگار کے مواقع بڑھانے پر توجہ دی، ساتھ ہی سرکاری کاموں میں شفافیت اور منصوبہ بندی بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹائزیشن کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے بین الاقوامی شراکت داروں سے تعاون کی اپیل کی تاکہ سماجی و ترقیاتی منصوبوں کو مزید تقویت دی جا سکے۔





