روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے غزہ میں جاری کشیدگی اور فلسطینیوں کے قتل کو شدید الفاظ میں مسترد کیا ہے۔
سرگئی لاروف نے کہا کہ فلسطینیوں کے قتل یا مغربی کنارے کے الحاق کا کوئی جواز نہیں اور اسرائیل مشرق وسطیٰ کے حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
روسی وزیر خارجہ نے کیوبا پر لگائی گئی 60 سالہ پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور ایران پر دوبارہ پابندیاں لگانے کی مغربی کوششوں کو غیرقانونی قرار دیا۔
سرگئی لاروف نے یوکرین کے حوالے سے بھی کہا کہ روس سلامتی کی ضمانتوں پر بات چیت کے لیے تیار ہے اور مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں۔
انہوں نے وینزویلا کے ساتھ اپنے بھرپور تعاون کا اعادہ کیا اور خبردار کیا کہ روس پر کسی بھی قسم کے حملے کا سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، جس کا نوٹو کو ادراک ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر پر ثالثی کی پیشکش ہوئی تو امریکا کردار ادا کرنے کو تیار ہے، امریکی محکمہ خارجہ
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے یہ بھی کہا کہ روس پر نیٹو اور یورپی یونین کی طرف سے حملے کی منصوبہ بندی کا الزام لگانا بے بنیاد ہے اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن ایسی اشتعال انگیزیوں کو مسترد کرتے ہیں۔





