سابق بھارتی کپتان کا انڈیا کو پاکستان سے صلح کرنے کا مشورہ

سابق بھارتی کپتان کا انڈیا کو پاکستان سے صلح کرنے کا مشورہ

سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے پاک بھارت تعلقات کے تناظر میں بڑا بیان دیتے ہوئے دونوں ممالک کو بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے اور کھیل کو سیاست سے الگ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے پڑوسی ہیں، اور پڑوسیوں کو اچھے تعلقات قائم رکھنے چاہئیں۔ ایک کھلاڑی کے طور پر اپنے ملک کے لیے جذبہ رکھنا فطری ہے، لیکن کھیل کے میدان میں آ کر مصافحہ کرنا کوئی مسئلہ نہیں۔ اس معاملے کو میڈیا اور عوام نے بلاوجہ متنازع بنا رکھا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (24ٹی وی)کے مطابق کپل دیو نے مزید کہا کہ مصافحہ نہ کرنا یا ٹرافی نہ لینا معمولی باتیں ہیں، لیکن انہیں غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کرنا درست نہیں۔ ان کے بقول’’کھلاڑیوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور حکومت کو اپنی سطح پر فیصلے کرنے دینا چاہیے۔ دونوں ممالک کو تعلقات بہتر بنانے کی سنجیدہ کوشش کرنی چاہیے، جبکہ میڈیا کو بھی کھیل پر توجہ دینی چاہیے، نہ کہ سیاست کو کھیل میں گھسیٹا جائے۔‘‘

اسی حوالے سے سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے بھی بھارتی وزیراعظم کے سوشل میڈیا بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا’’ہم نے ہمیشہ کھیل کے دوران سپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا ہے۔ سیاست کو کھیل سے دور رکھنا چاہیے۔ دنیا نے خود دیکھا کہ میدان میں جنگ نہیں، سکور بورڈ 0-7 تھا۔‘‘آفریدی کا کہنا تھا کہ کھلاڑی ملک کی نمائندگی کرتے ہیں اور ان پر بھاری ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ میدان میں اتحاد، بردباری اور اخلاق کا مظاہرہ کریں۔

کپل دیو اور شاہد آفریدی جیسے سینئر کرکٹرز کی جانب سے یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پاک،بھارت کرکٹ تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے نہ صرف اسپورٹس مین اسپرٹ کی اہمیت پر زور دیا بلکہ میڈیا اور حکومت کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا تاکہ کھیل کا ماحول خوشگوار اور مثبت رہے۔

Scroll to Top