پاک فوج، ایف سی خیبر پختونخوا کی جانب سے وادی تیراہ میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

پاک فوج، ایف سی خیبر پختونخوا کی جانب سے وادی تیراہ میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

پاک فوج اور ایف سی خیبرپختونخوا نارتھ کے زیر اہتمام وادی تیراہ کے علاقے ترخوکاس میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق،مفت طبی کیمپ کا مقصد دور دراز اور صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم علاقوں کے عوام کو فوری اور معیاری علاج فراہم کرنا تھا۔ اس فری میڈیکل کیمپ میں ترخوکاس، کمرخیل، قمبرخیل، دین خیل اور ملحقہ دیہات کے مکینوں کو مفت علاج و معائنہ کی سہولت دی گئی۔ کیمپ میں پاک فوج کے ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔

نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز)کے مطابق اس میڈیکل کیمپ میں خواتین، بزرگوں اور بچوں سمیت 700 سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا، جن میں سے بیشتر کا تعلق نادار اور مستحق طبقات سے تھا۔

علاقہ مکینوں نے پاک فوج اور ایف سی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ مقامی افراد کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف عوامی خدمت کا مظہر ہیں بلکہ فوج اور عوام کے درمیان رابطے کو بھی مضبوط کرتے ہیں۔

پاک فوج کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ بھی ایسے فلاحی اقدامات کے ذریعے عوام کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی جاری رکھے گی

Scroll to Top