پاکستانی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن، مہنگائی بڑھنے کا امکان ہے: اے ڈی پی رپورٹ

پاکستانی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن، مہنگائی بڑھنے کا امکان ہے: اے ڈی پی رپورٹ

ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے ’’ایشیائی ترقیاتی آؤٹ لک‘‘ کے عنوان سے تازہ ترین رپورٹ جاری کر دی، جس میں پاکستان کی معیشت کے بارے میں محتاط مگر امید افزا اندازہ پیش کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت درمیانی مدت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور مالی سال 2026 میں جی ڈی پی گروتھ 3 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ پالیسی اصلاحات اور معاشی استحکام کے باعث معیشت میں بہتری کا رجحان جاری رہے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2026 میں مہنگائی کی شرح 6 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، جس میں گیس ٹیرف میں اضافے کا اہم کردار ہو گا۔ تاہم، مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے مرکزی بینک محتاط مانیٹری پالیسی اختیار کرے گا تاکہ افراط زر کو قابو میں رکھا جا سکے۔

اے ڈی بی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان میں معاشی اصلاحات میں قابل ذکر پیش رفت ہوئی ہے۔ اگرچہ ترقی کے امکانات مثبت ہیں، تاہم ڈھانچہ جاتی چیلنجز بدستور موجود ہیں۔ تعمیراتی شعبے کے لیے بجٹ میں دی گئی مراعات سے کچھ حد تک نقصانات کم ہونے کی توقع ہے۔

رپورٹ میں قدرتی آفات اور حالیہ سیلابوں کو پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ سیلاب سے انفرااسٹرکچر اور زرعی اراضی کو نقصان پہنچنے کے باعث شرح نمو متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ سپلائی چین میں رکاوٹ اور خوراک کی قیمتوں میں اضافہ بھی متوقع ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کا مزید کہنا ہے کہ اگر پاکستان نے پالیسی اصلاحات اور ان پر عملدرآمد جاری رکھا، تو معیشت میں اعتماد اور رفتار کو برقرار رکھا جا سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2026 میں امریکہ کے ساتھ ممکنہ تجارتی معاہدہ کاروباری اعتماد کو بہتر بنانے میں مدد دے گا، جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور سرمایہ کاری میں اضافہ بھی متوقع ہے۔

Scroll to Top