27 ستمبر جلسہ! بدنظمی کے ذمہ داروں کے تعین کیلئے کمیٹی شکیل

پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو پشاور میں منعقدہ جلسے میں پیش آنے والی بدنظمی، صحافیوں سے بدسلوکی اور انتظامی مسائل کی تحقیقات کے لیے تین رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کر کے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس کی صدارت صدر تحریک انصاف ضلع پشاور، عرفان سلیم نے کی، جس میں پارٹی قائد عمران خان کی کال پر منعقدہ جلسے کو عوامی سطح پر کامیاب قرار دیتے ہوئے شہریوں کا شکریہ ادا کیا گیا۔انتظامی بدنظمی اور پولیس رویے پر تشویش اجلاس میں دورانِ جلسہ صحافیوں کے ساتھ ناروا سلوک پولیس کی جانب سے بدسلوکی ناقص سکیورٹی انتظامات جیسے معاملات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں واضح کیا گیا کہ جلسے کے سٹیج، سٹیج لسٹنگ اور دیگر کلیدی انتظامات ضلعی تنظیم کے دائرہ اختیار میں نہیں تھے، سوائے ایک سکیورٹی چیک پوائنٹ کے، جس پر تنظیم کا نمائندہ موجود تھا۔

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے نام تحقیقات کے لیے جو کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اس میں درج ذیل عہدیدار شامل ہیں قادر نواز (ایڈیشنل جنرل سیکرٹری) سربراہ عامر سہیل خلیل (سینئر نائب صدر)رفیع اللہ (نائب صدر)

یہ کمیٹی تمام متعلقہ حقائق کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات ضلعی قیادت کو پیش کرے گی، جو بعد ازاں پارٹی اراکین کے سامنے پبلک کی جائیں گی۔

اجلاس میں واضح کیا گیا کہ آئندہ ضلع پشاور میں ہونے والی کسی بھی سیاسی سرگرمی کی ذمہ داری مکمل طور پر ضلعی تنظیم پر عائد ہوگی صرف اس صورت میں جب مشاورت اور مکمل اختیارات دیے جائیں۔ بصورت دیگر کسی ناکامی یا بدنظمی کی ذمہ داری ضلعی تنظیم پر عائد کرنا ناقابل قبول ہوگا۔

اجلاس میں تحصیل متھرا کے میئر کی جانب سے ایک کارکن کے ساتھ ناروا سلوک کی شدید مذمت کی گئی۔ تاہم، میئر کی جانب سے متاثرہ کارکن کے گھر جا کر معذرت کرنے کے اقدام کو سراہا گیا اور کہا گیا کہ آئندہ کسی بھی عہدیدار کی طرف سے ایسا رویہ ناقابل برداشت تصور کیا جائے گا۔

آخر میں، تحریک انصاف ضلع پشاور کی تنظیم نے جلسے کے دوران پیش آنے والی بدنظمی پر ملک بھر سے آنے والے مہمانوں اور شرکاء سے معذرت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

Scroll to Top