خولہ اقبال
پشاور (پختون ڈیجیٹل)خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس ایک بار پھر شدت اختیار کرنے لگا ہے، صرف ماہِ ستمبر کے دوران صوبے بھر میں 1,141 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 23 مریض مختلف اسپتالوں میں داخل کیے گئے ہیں۔
محکمہ صحت کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق چار سدہ ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے جہاں 256 کیسز سامنے آئے ہیں۔
دیگر متاثرہ اضلاع میں مانسہرہ 214، ہری پور 148، پشاور 122، کوہاٹ 99، صوابی 49 اور مردان میں 46 کیسز رپورٹ ہوئے۔
پختون ڈیجیٹل رپورٹر خولہ اقبال کے مطابق تاحال صوبے میں ڈینگی سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔ تاہم محکمہ صحت نے خطرے کے پیش نظر تمام اسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے اور خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : علیمہ خان کو پارٹی چیئرمین بنانے کی منظم مہم چلائی جا رہی ہے، وزیر اعلیٰ علی امین
حکام کے مطابق اسپتالوں کو ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے ادویات، ٹیسٹنگ کٹس اور عملے کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اپنانے، پانی جمع نہ ہونے دینے اور گھروں میں مچھر مار اسپرے کے استعمال کی تاکید کی گئی ہے۔





