وزیراعظم کی صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت، گرفتار امدادی کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ

وزیراعظم شہباز شریف نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی فوج کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ اس فلوٹیلا میں 44 ممالک سے 450 سے زائد امدادی کارکن شامل تھے جنہیں اسرائیلی افواج نے غیر قانونی طور پر حراست میں لے لیا ہے۔

وزیراعظم نے ان کارکنوں کا واحد جرم یہ قرار دیا کہ وہ مظلوم فلسطینی عوام کے لیے امداد لے کر جا رہے تھے۔

شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ تمام گرفتار کارکنان کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے اور فلسطینیوں تک امداد کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ امداد مستحق افراد تک پہنچنی چاہیے اور اسرائیلی بربریت کو فوری طور پر روکنا لازم ہے۔ وزیراعظم نے فلسطین میں پائیدار امن کے قیام کو وقت کا اہم ترین تقاضا قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں : چارسدہ ڈی ایچ کیو ہسپتال نے مریضوں کی خدمت میں نیا سنگ میل عبور کرلیا

ادھر ترکیہ نے بھی اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اسے دہشت گردی قرار دیا۔

یاد رہے کہ اسرائیلی بحریہ نے گلوبل صمود فلوٹیلا کی متعدد کشتیوں پر حملہ کرکے انہیں تحویل میں لے لیا، اور کشتیوں پر موجود کارکنان کو حراست میں لے کر اسرائیلی بندرگاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top