اسلام آباد: پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے گلوبل صمود فلوٹیلا کو روکنے کی کوشش کو سختی سے مسترد کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے اس اقدام کو ایک اہم انسانی مشن کو سبوتاژ کرنے اور عالمی یکجہتی و اخلاقی عزم پر حملہ قرار دیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ گلوبل صمود فلوٹیلا ایک انسانی ہمدردی کا مشن ہے جو محصور فلسطینی عوام کے لیے دنیا بھر کے عوامی تعاون اور عزم کی علامت ہے۔
انہوں نے اسرائیلی اقدام کو عالمی قوانین اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا جو نظر انداز نہیں کی جا سکتی۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان نے 16 ستمبر کو دیگر 15 ممالک کے ساتھ مل کر مشترکہ بیان جاری کیا تھا جس میں فلوٹیلا کی سیکیورٹی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا تھا اور خبردار کیا گیا تھا کہ اسے روکنے کی کسی بھی کوشش سے علاقائی امن و سلامتی متاثر ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : چینی کی درآمد پر حکومت کا روک لگانے کا فیصلہ
پاکستانی دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے اس غیر قانونی اقدام کا نوٹس لے اور انسانی مشن کی حفاظت اور اس کے مقاصد کی تکمیل کے لیے فوری اقدامات کرے۔





