خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر واقعی خودداری ہے تو پنجاب حکومت فوری طور پر خیبر پختونخوا کے پانی کے 64 ارب روپے کے واجبات ادا کرے۔
مزمل اسلم نے کہا کہ 78 سال بعد بھی مری کے پاس اپنا پانی نہیں ہے جبکہ وہ خیبر پختونخوا سے پانی لیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت خیبرپختونخوا کے منصوبوں اور خودداری کی نقل کرتی رہتی ہے اور اگر مریم نواز کا کہنا درست ہے کہ پنجاب حکومت قرض نہیں لے گی تو پھر سیلاب متاثرین کو امدادی رقم کب ملے گی؟
مزمل اسلم نے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا نے سیلاب متاثرین کو محض تین ہفتوں میں معاوضہ ادا کر دیا جبکہ پنجاب حکومت ابھی تک سیلاب نقصانات کا تخمینہ بھی نہیں لگا پا رہی۔
مزمل اسلم نے مری کے حوالے سے کہا کہ محترمہ مریم نواز کے بقول مری کے آگے خیبر پختونخوا ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے پاکستان کا حصہ نہیں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ مری مال روڈ پر انگریز دور کے بعد ایک اینٹ بھی نہیں لگی جبکہ نتھیا گلی میں 12 ارب روپے سے ہلٹن ہوٹل تعمیر ہو چکا ہے اور تھنڈیانی میں ملک کے سب سے بڑے ہوٹل کی تعمیر کے لئے سرمایہ کار دلچسپی لے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عظمیٰ بخاری اور شرمیلا فاروقی آمنے سامنے، مناظرے کا چیلنج
مزمل اسلم نے سیاحتی اعداد و شمار بھی پیش کیے اور کہا کہ نتھیا گلی میں سالانہ ایک کروڑ لوگ سیاحت کے لیے آتے ہیں جبکہ مری میں یہ تعداد بہت کم ہے، مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ خود نواز شریف نے بھی مری کی بجائے نتھیا گلی کو آرام کے لیے منتخب کیا۔





