گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے بلند و بالا سیاحتی مقامات پر موسم سرما کی پہلی برف باری کا آغاز ہو چکا ہے جس نے پورے علاقے کو سفید چادر میں لپیٹ دیا ہے۔
قدرتی حسن سے مالا مال یہ وادیاں برفباری کے بعد مزید دلکش اور پُرکشش ہو گئی ہیں۔
گلگت بلتستان کے بلند پہاڑی سلسلوں میں چار ہزار پانچ سو میٹر کی بلندی سے شروع ہونے والی برفباری کا دائرہ کار اب خنجراب، بابوسر ٹاپ اور برزول ٹاپ تک پھیل چکا ہے۔ مسلسل برف گرنے اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش نے سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ مقامی انتظامیہ اور شہریوں کی جانب سے سرد موسم سے بچاؤ کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
ادھر مانسہرہ کے معروف سیاحتی مقامات جن میں بابوسر ٹاپ، بیسر اور نوری ٹاپ شامل ہیں وہاں بھی ہلکی برفباری کا آغاز ہو چکا ہے۔ خاص طور پر بابوسر ٹاپ پر برفباری کے بعد مناظر نہایت دل فریب ہو گئے ہیں جس کے باعث سیاحوں کی بڑی تعداد ان علاقوں کا رخ کر رہی ہے۔





