ٹماٹر کی قیمت نے نئی حد عبور کر لی، فی کلو نرخ 400 روپے کے قریب پہنچ گئے

اسلام آباد: پاکستان میں مہنگائی کی نئی لہر کے دوران ٹماٹر کی قیمت نے بھی تاریخ رقم کر دی ہے، اور ملک کے کئی شہروں میں یہ بنیادی سبزی 400 روپے فی کلو کے قریب فروخت ہو رہی ہے۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں ٹماٹر سب سے زیادہ مہنگے 380 روپے فی کلو تک پہنچ چکے ہیں، جب کہ راولپنڈی میں 360، فیصل آباد میں 350، اور لاہور میں 340 روپے فی کلو نرخ ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور ملتان میں یہ قیمت 320 روپے تک جا پہنچی ہے، جب کہ کراچی اور پشاور جیسے بڑے شہروں میں ٹماٹر 300 روپے کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔

ملک کے دیگر شہروں میں بھی صورتحال کچھ مختلف نہیں، بہاولپور اور سرگودھا میں 280، حیدرآباد، لاڑکانہ اور بنوں میں 250، اور سکھر میں 240 روپے فی کلو کی سطح پر ٹماٹر دستیاب ہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق صرف ایک ہفتے میں ٹماٹر کی اوسط قیمت میں 88 روپے 22 پیسے فی کلو کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو تشویشناک حد تک تیز رفتار مہنگائی کی نشاندہی کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم کا حافظ نعیم سے رابطہ، مشتاق احمد خان کی بازیابی کی یقین دہانی

ٹماٹر کے ساتھ ساتھ پیاز، آٹا، دالیں، دودھ، گھی، خوردنی تیل، مٹن، سرخ مرچ اور لہسن کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس نے عام شہری کی روزمرہ زندگی کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔

دوسری جانب چند اشیاء جیسے برائلر چکن، آلو، اور ایل پی جی گھریلو سلنڈر کی قیمتوں میں قدرے کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ 20 بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں کوئی خاص تبدیلی نہیں ہوئی۔

Scroll to Top