جنوبی وزیرستان اپر: ضلعی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ آج 4 اکتوبر 2025 بروز ہفتہ کو تحصیل سرویکئ میں صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک مکمل کرفیو نافذ رہے گا، جس دوران علاقے میں ہر قسم کی نقل و حرکت پر سخت پابندی عائد ہو گی۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کرفیو کے دوران تمام بازار اور تجارتی مراکز بند رہیں گے، جب کہ شہریوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ قندہاری تا سپلاتوئی اور بروند تا مولے خان سرائے کے راستوں پر داخلہ سختی سے ممنوع ہوگا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صرف انتہائی ایمرجنسی کی صورت میں ہی شہری پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی پیشگی اجازت سے سفر کر سکیں گے، جس کے لیے شناختی کارڈ اور دیگر ضروری دستاویزات پیش کرنا لازمی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : خان پور ڈیم میں پانی کی سطح بلند، سپل ویز ہنگامی طور پر کھول دیے گئے
نوٹیفکیشن میں یہ ہدایت بھی شامل ہے کہ شہری اگر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی دیکھیں تو اپنی گاڑی کو کم از کم 100 میٹر فاصلے پر سڑک سے نیچے اتار لیں تاکہ فورسز کی نقل و حرکت متاثر نہ ہو اور سیکیورٹی آپریشن میں رکاوٹ نہ آئے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان کے قیام اور سیکیورٹی اداروں کی معاونت کے لیے تمام ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ اس اقدام کا مقصد علاقے میں امن کی صورتحال کو یقینی بنانا اور ممکنہ خطرات سے بچاؤ ہے۔





