ہنگو: تھانہ دوآبہ پولیس نے درسمند اور ملحقہ علاقوں میں دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کامیاب اور منظم ٹارگٹڈ سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا، جس کے دوران خفیہ ٹھکانوں پر چھاپے مار کر مشتبہ افراد کو گرفتار اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
یہ آپریشنز ڈی پی او ہنگو خان زیب مہمند کی براہِ راست نگرانی اور ہدایات کے تحت انجام دیے جا رہے ہیں، جن کا بنیادی مقصد علاقے میں امن و امان کی مکمل بحالی اور دہشتگردی کے تمام ممکنہ نیٹ ورکس کا خاتمہ ہے۔
ڈی ایس پی ٹل مجاہد خان اور ایس ایچ او دوآبہ انسپکٹر عمران الدین خان کی قیادت میں کیے گئے ان آپریشنز میں البرق کمانڈوز اور ریپڈ ریسپانس فورس (RRF) کے اہلکاروں نے بھی بھرپور شرکت کی۔
خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مخصوص ٹارگٹڈ مقامات کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔ کارروائی کے دوران برآمدگی: 2 عدد کلاشنکوف, 3 عدد پستول, 1 عدد رائفل، سینکڑوں کارتوس، جبکہ دہشتگردی سے متعلق سامان مصنوعی لمبے بال (وِگ), 3 جوڑے سروس بوٹس, 2 عدد وردیاں, 1 عدد دوربین برآمد۔
برآمد شدہ اشیاء اس بات کی واضح علامت ہیں کہ گرفتار مشتبہ افراد دہشتگردانہ روپ اختیار کر کے کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : اے ٹی ایف انڈر 12 ٹینس چیمپئن شپ: پاکستان نے کولمبیا کو شکست دے دی
آپریشن کے دوران دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، جنہیں مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ انویسٹی گیشن اسٹاف کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او ہنگو خان زیب مہمند نے کامیاب کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہمارا عزم واضح اور غیر متزلزل ہے ۔
دہشتگرد اور ان کے سہولت کار قانون کی گرفت سے کسی صورت محفوظ نہیں رہ سکتے۔ ہم عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر حال میں چوکس رہیں گے اور علاقے میں امن و استحکام کو مضبوط بنائیں گے۔





