اسلام آباد: ملک بھر میں چینی کی قیمتوں نے ایک اور معاشی سنگ میل عبور کر لیا ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت نے ڈبل سنچری مکمل کر لی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی تازہ رپورٹ کے مطابق پشاور میں چینی کی فی کلو قیمت 200 روپے تک پہنچ گئی ہے، جو کہ پورے ملک میں سب سے زیادہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 195 روپے فی کلو ہے،کوئٹہ میں 192 روپے،اسلام آباد اور پنجاب کے بیشتر شہروں میں چینی 190 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق اس وقت چینی کی اوسط قیمت ملک بھر میں 183 روپے 89 پیسے فی کلو ہے، جو پچھلے ہفتے کے مقابلے میں صرف 5 پیسے کم ہوئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال اسی عرصے میں چینی کی اوسط قیمت 137 روپے 51 پیسے تھی، یعنی ایک سال کے دوران چینی کی فی کلو قیمت میں 46 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حکومتی اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مذاکرات کامیاب، معاہدے پر دستخط ہوگئے
چینی کی قیمت میں اس ہوشربا اضافے نے عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب دیگر بنیادی اشیائے خور و نوش کی قیمتیں بھی بلند سطح پر موجود ہیں۔
ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزی، انتظامی کمزوریاں اور پیداوار میں کمی ایسے عوامل ہیں جنہوں نے چینی کی قیمتوں کو مسلسل بڑھنے پر مجبور کیا ہے۔





