لندن: پاکستانی ہائی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے براہ راست پروازیں رواں ماہ سے دوبارہ بحال کی جا رہی ہیں۔
ہائی کمیشن کے مطابق برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کو فارن ایئرکرافٹ آپریٹنگ پرمٹ جاری کر دیا ہے، جس کے بعد کئی برس سے معطل پروازوں کی بحالی ممکن ہو سکی ہے۔
ابتدائی مرحلے میں پی آئی اے کی پروازیں مانچسٹر کے لیے شروع کی جائیں گی، جب کہ دوسرے مرحلے میں لندن اور برمنگھم کے لیے بھی پروازیں چلائی جائیں گی۔
ہائی کمیشن نے کہا کہ پروازوں کی بحالی سے برطانیہ میں مقیم 17 لاکھ سے زائد پاکستانی نژاد کمیونٹی کو بڑی سہولت میسر آئے گی، جو طویل عرصے سے اس فیصلے کی منتظر تھی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ پیش رفت نہ صرف مسافروں کے لیے آسانی پیدا کرے گی بلکہ تجارتی، خاندانی اور سماجی روابط کو بھی فروغ دے گی۔
یہ بھی پڑھیں : چینی کی قیمتوں نے بھی سنچری پار کی، حکومتی دعوے دھرے کے دھرے
واضح رہے کہ پی آئی اے کی پروازیں 2020 کے بعد سے مختلف وجوہات کی بنا پر برطانیہ کے لیے معطل تھیں۔
اب پرمٹ کے اجرا کے بعد ان پروازوں کی بحالی کو خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری کی امید کی جا رہی ہے۔





